گوکرن 20؍ستمبر (ایس او نیوز)ہائی کورٹ میں داخل مفاد عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) پر گوکرن میں واقع مہابلیشورا مندرکو حکومت کی تحویل میں لینے کاجو حکم سنایا گیا تھا اس پر عمل کرتے ہوئے مُزرائی محکمہ کے افسران نے رامچندراپور مٹھ کی تحویل سے اپنے قبضے میں لے لیا۔
خیال رہے کہ سال 2008میں ریاستی حکومت نے خود ہی اس مندر کو ہوسانگر میں واقع رامچندرا پور مٹھ کے حوالے کیا تھا کیونکہ ماضی میں یہ تاریخی مندر اسی مٹھ کے زیرانتظام تھا۔ لیکن حکومت کے اس فیصلے کو کچھ افرادنے ہائی کورٹ میں چیلنج کیاتھاجس پرجسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس اروند کمار کی ڈیویژن بنچ نے سماعت کے بعد حکومت کو حکم دیا کہ اس مندر کو واپس سرکاری تحویل میں لیا جائے اور ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ایک نگراں کمیٹی تشکیل دی جائے۔ مذہبی مقامات کی تحویل اور انتظام کی ذمہ داری مزرائی محکمہ کی ہوتی ہے اس لئے عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے متعلقہ افسران گوکرن پہنچے اور پولیس کے سخت بندوبست کے ساتھ مندر کو اپنی تحویل میں لینے کی کارروائی انجام دی۔مندر کے احاطے میںآویزاں کیے گئے رام چندراپور مٹھ سے متعلقہ تمام بورڈس اور اعلانات ہٹا دئے گئے۔ زیورات ودیگر اشیاء کے علاوہ نقدی، بینک کھاتے اور مستقل و ناقابل انتقال جائداد کو افسران نے اپنے قبضے میں لیا۔ حساب و کتاب اور جائداد کا معائنہ ازسرنو کیا جائے گا۔
اس موقع پررامچندرا پور مٹھ کے وکیل شمبھو شرما کی طرف سے اعتراض جتایا گیا کہ ریاستی حکومت کا یہ اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔ ہائی کورٹ کے فیصلے میں الجھن ہے۔ اس لئے وہ توہین عدالت کا مقدمہ دائر کریں گے۔برسوں سے مندر میں پجاری کی خدمات انجام دینے والے کچھ افراد نے بھی اس اقدام کی مخالفت کی۔ لیکن ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے بتایا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ بالکل صاف اور واضح ہے۔ اس میں کوئی الجھن نہیں ہے۔ مزرائے کمشنریٹ کی جانب سے ملی ہوئی ہدایات کی روشنی میں ہی مندر کو تحویل میں لینے کی کارروائی کی گئی ہے۔ مندر کے انتظام اور نگرانی کے لئے جلد ہی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔مندر میں اب تک جو بھی سرگرمیاں چل رہی ہیں وہ حسب معمول جاری رہیں گی۔
مہابلیشورا مندر کو سرکاری تحویل میں لیے جانے کی اس کارروائی کے دوران ایڈیشنل ڈی سی ڈاکٹر سریش ایٹنال،اسسٹنٹ کمشنر کمٹہ لکشمی پریا اور دیگر افسران موجود تھے۔